حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) کے شعبۂ سکول آف آرٹ، ڈیزاین اینڈ آرکیٹیکچر کی دعوت پر خانۂ فرہنگ ایران، راولپنڈی پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر مہدی طاہری نے یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ کے تحقیقی، فنی اور تخلیقی منصوبوں پر مبنی نمائش ’’اوپن ہاؤس 2026‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر مہدی طاہری نے نمائش کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور طلبہ کی جانب سے پیش کیے گئے تخلیقی، فنی اور تحقیقی منصوبوں کا مشاہدہ کیا۔

انہوں نے مختلف اسٹالز پر جا کر طلبہ کی صلاحیتوں اور کاوشوں کو سراہا اور اساتذہ و طلبہ کے ساتھ فن، ڈیزائن اور فنِ تعمیر کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو بھی کی۔
اپنی مختصر تقریر میں ڈائریکٹر جنرل خانۂ فرہنگ ایران، راولپنڈی نے اس اہم ایونٹ میں مدعو کرنے پر یونیورسٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران فنِ تعمیر اور تہذیبی ورثے کے اعتبار سے ایک عظیم تاریخ کا حامل ملک ہے، جہاں تختِ جمشید، بیستون اور چغازنبیل جیسے تاریخی آثار ایرانی تہذیب و ثقافت کی عظمت کی عکاسی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے جدید فنِ تعمیر اور انجینئرنگ کے میدان میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، جن میں برج میلاد، پلِ طبیعت اور کرج پل جیسے منصوبے شامل ہیں، جو ایرانی ماہرین کی فنی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
ڈاکٹر طاہری نے طلبہ کی تخلیقی اور تحقیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ایران اور پاکستان کے تعلیمی اداروں کے درمیان علمی، ثقافتی اور فنی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ خانہ فرہنگ ایران، راولپنڈی اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔









آپ کا تبصرہ